ریاض: وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے، جہاں ان کے ہوائی جہاز کو سعودی فضائی حدود میں ایف-15 لڑاکا طیاروں نے حصار میں لے کر شاندار انداز میں خوش آمدید کہا۔ریاض کے ڈپٹی گورنر اور اعلیٰ حکام نے رائل ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر احمد فاروق سمیت اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ آصف، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔وزیراعظم کی ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز سے ملاقات ہوئی، جس میں پاک-سعودی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات، نئے شعبوں میں تعاون اور خطے سمیت عالمی امور پر گفتگو ہوگی۔