سعودی عرب: عمرہ زائرین کو سخت گرمی میں احتیاط کی ہدایت، جعلسازی سے بچاؤ کے لیے کمپنیوں کی فہرست جاری

سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ سخت گرم موسم میں دھوپ میں پیدل چلنے سے گریز کریں۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمے نے زائرین کو بتایا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک شدید گرمی رہتی ہے۔ ان اوقات میں سائے میں رہنے اور زیادہ وقت تک پیدل چلنے سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔وزارت نے مزید ہدایت دی کہ مناسک کی ادائیگی کے دوران بھاری سامان ساتھ اٹھانے سے بھی اجتناب کریں اور روضہ اطہر میں جانے کے لیے اجازت نامہ لازمی حاصل کریں۔ بغیر اجازت نامے کے روضہ میں جانے کی کوشش کرنے سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔دوسری جانب، سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کو جعلسازی سے بچانے کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے عمرہ کمپنیوں کی فہرست جاری کی ہے، جس میں 113 مصدقہ عمرہ کمپنیاں شامل ہیں۔ یہ فہرست اسلامی سال 1447 ہجری کے لیے قابل عمل ہے اور وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔