بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں منگل کو کلاؤڈ برسٹ اور طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔ اتراکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون اور دیگر علاقوں میں 192 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے سیلابی ریلے نے کئی عمارتیں، سڑکیں اور پل بہا دیے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 افراد ہلاک، 16 لاپتا اور 900 سے زائد افراد مختلف مقامات پر پھنس گئے ہیں۔ دہرادون میں کئی اہم سڑکیں بہہ گئیں، متعدد پل ٹوٹ گئے اور کئی دیہات مکمل طور پر کٹ کر رہ گئے ہیں۔ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور درجنوں مکان اور دکانیں تباہ ہو گئیں۔حکام نے عوام سے ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ محکمہ موسمیات نے مزید موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے حالات مزید خطرناک ہو سکتے ہیں۔اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور بتایا کہ تمام دریا بپھرے ہوئے ہیں، 25 سے 30 مقامات پر سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں اور اپروچ سڑکیں منقطع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکانات اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں جنگی بنیادوں پر امدادی کام کر رہی ہیں تاکہ حالات کو جلد بحال کیا جا سکے۔