برٹش کونسل پاکستان نے برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانی طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد درخواست جمع کروائیں۔برٹش کونسل پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر پاکستانی طلبہ نے حال ہی میں اپنے تعلیمی امتحانات کے نتائج حاصل کر لیے ہیں اور برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو فوری طور پر یو کے اسٹوڈنٹ ویزا کے لیے درخواست دیں۔سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق برطانوی حکومت کے اعلامیے میں طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ویزا درخواست دینے میں تاخیر نہ کریں۔درخواست دینے کے لیے ضروری ہے کہ طلبہ کے پاس یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ CAS ریفرنس نمبر موجود ہو اور تمام ضروری دستاویزات تیار ہوں۔طلبہ ویزا کیلیے آن لائن درخواست حکومت برطانیہ کی ویب سائٹ gov.uk/student-visa
پر دے سکتے ہیں۔ وقت پر درخواست دینے سے ویزا کے عمل میں تاخیر سے بچا جا سکتا ہے اور طلبہ اپنی تعلیم بروقت شروع کر سکتے ہیں۔