یوکرین نے بھارت سے ڈیزل کی خریداری پر پابندی عائد کر دی

یوکرین نے بھارت سے درآمد کیے جانے والے ڈیزل ایندھن پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔روئٹرز کے مطابق یوکرین کے توانائی سے متعلق مشاورتی ادارے اینکور نے بتایا کہ روس کی جانب سے یوکرین کی آئل ریفائنریوں اور ایندھن کے ذخیرہ کرنے کی تنصیبات پر ڈرونز اور میزائل حملے کیے جا رہے ہیں، جبکہ بھارت خام تیل کی بڑی مقدار روس سے خریدتا ہے، جس کی وجہ سے یوکرین نے یہ قدم اٹھایا ہے۔واضح رہے کہ اس موسم گرما میں یوکرین کی ایک اہم آئل ریفائنری کی تباہی کے بعد تاجروں کو اس کی تلافی کے لیے بھارت سے ڈیزل خریدنا پڑا، اور یوکرینی وزارتِ دفاع نے بھی کچھ بھارتی ایندھن خریدے تھے۔یوکرینی توانائی کے ادارے کے مطابق اب سیکیورٹی اداروں نے حکم دیا ہے کہ بھارت سے درآمد کیے جانے والے تمام ڈیزل کی کھیپوں کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا جائے تاکہ ان میں روسی اجزا کی موجودگی کی جانچ کی جا سکے۔اینکور کے مطابق یوکرین نے اگست میں بھارت سے 1 لاکھ 19 ہزار ٹن ڈیزل درآمد کیا تھا، جو مجموعی ڈیزل درآمدات کا 18 فیصد بنتا ہے۔ جنگ سے قبل یوکرین بنیادی طور پر بیلاروس اور روس سے ڈیزل درآمد کرتا تھا، جبکہ جنگ کے بعد سے مغربی یورپی ممالک سے ایندھن درآمد کیا جا رہا ہے۔