پاکستان میں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی، 22 کروڑ روپے لوٹ لیے گئے

کوئٹہ کے قریب کیچ میں ایم ایٹ شاہراہ پر سال رواں کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جس میں ڈاکو کیش وین سے 22 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق کیش وین میں دو نجی بینکوں کی مجموعی طور پر 22 کروڑ 5 لاکھ روپے موجود تھے۔ ڈاکوؤں نے وین کو اسلحے کے زور پر روکا اور عملے کو یرغمال بنا کر رقم لوٹ لی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور اعلیٰ حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے ڈکیتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں پشاور میں بھی ایک بڑی واردات ہوئی تھی، جہاں ڈاکوؤں نے کیش وین سے تین کروڑ روپے لوٹے تھے، تاہم پولیس نے صرف 8 گھنٹوں میں کیس حل کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔