سعودی عرب: غیر قانونی ٹرانسپورٹ پر جرمانہ اور گاڑی ضبط کرنے کے نئے ضوابط نافذ

سعودی عرب میں جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹرانسپورٹ کے حوالے سے نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت غیر قانونی طریقے سے ٹرانسپورٹ کا کام کرنے پر 11 سے 20 ہزار ریال تک جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق نئے ضوابط میں دو اہم نکات شامل ہیں:نجی گاڑیوں کو ٹیکسی کے طور پر استعمال کرنا یا غیر قانونی طریقے سے سواریاں اٹھانا۔عوامی مقامات پر آواز دے کر مسافروں کو اپنی جانب راغب کرنا۔اتھارٹی کے مطابق ایسے افراد جو مسافروں کو عوامی مقامات یا شاہراہوں پر آواز لگا کر اپنی گاڑی میں بٹھائیں گے، ان پر 11 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا، اور گاڑی کو پولیس یارڈ میں 25 دن کے لیے جمع کرا دیا جائے گا۔اگر بغیر لائسنس کے سواریاں اٹھائی جائیں تو 20 ہزار ریال جرمانہ اور گاڑی کو 60 دن کے لیے پولیس تحویل میں لے لیا جائے گا۔ غیر قانونی گاڑی کو بولی لگا کر بیچنا بھی خلاف ورزی ہے، اور اگر مرتکب غیر ملکی ہو تو اسے ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔اتھارٹی نے واضح کیا کہ یہ ضوابط ٹرانسپورٹ اور مسافروں کی سلامتی کے لیے نافذ کیے گئے ہیں تاکہ غیر قانونی افراد کا خاتمہ اور مسافروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔دوسری جانب سعودی محکمہ ٹریفک نے 7 سے 13 ستمبر 2025 کے دوران مختلف شہروں سے 6,893 موٹر سائیکلیں ضبط کی ہیں، جس میں سب سے زیادہ موٹر سائیکلیں ریاض (3,598) اور دوسرے نمبر پر جدہ (1,970) سے ضبط ہوئی ہیں۔