سعودی عرب کے جازان ریجن کی بنی مالک کمشنری میں ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 4 خواتین ٹیچرز جاں بحق ہوگئیں۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق جازان محکمہ صحت نے بتایا کہ حادثے کے باعث دو خواتین ٹیچرز شدید زخمی ہیں اور ان کی حالت نازک ہے۔ زخمیوں کو ہلال احمر کی ٹیم نے فوری طور پر کنگ فہد سینٹرل اسپتال منتقل کیا جہاں وہ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی میں کل 6 ٹیچرز سوار تھیں اور حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جاگری۔دوسری جانب سعودی عرب میں جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹرانسپورٹ کے حوالے سے نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے۔ غیر قانونی طریقے سے ٹرانسپورٹ کرنے پر 11 سے 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد ہوگا۔اتھارٹی کے مطابق نئے ضوابط کے تحت نجی گاڑیوں کو غیر قانونی طور پر ٹیکسی کے طور پر استعمال کرنا، غیر قانونی طریقے سے سواریاں اٹھانا اور عوامی مقامات پر آواز دے کر مسافروں کو راغب کرنا شامل ہے۔ ایسے افراد پر 11 ہزار ریال جرمانہ اور گاڑی کو پولیس یارڈ میں جمع کرانے کا حکم دیا جا سکتا ہے۔