یو اے ای میں جاری ایشیا کپ 2025 میں پاک بھارت میچ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز سے ہاتھ نہ ملانے کے واقعے نے تنازعہ جنم دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ ریفری اینڈی کرافٹ کو باقی ٹورنامنٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم آئی سی سی نے فوری طور پر اس درخواست پر کوئی واضح جواب نہیں دیا۔ پی سی بی نے یہ بھی کہا کہ اگر اینڈی کرافٹ کو ہٹانے کی منظوری نہ ملی تو پاکستان ٹورنامنٹ کے میچز کھیلنے سے دستبردار ہو سکتا ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے، جس میں فیصلہ ہوگا کہ پاکستان ٹورنامنٹ میں حصہ لے گا یا نہیں۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے اینڈی کرافٹ کو پورے ایشیا کپ سے نہیں ہٹایا بلکہ صرف پاک ٹیم کے میچز کے لیے ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈ سن کو ریفری مقرر کرنے کی تجویز دی ہے، تاہم پی سی بی نے اس خبر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان سوریہ کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے ٹاس سے پہلے اور میچ کے بعد ہاتھ نہیں ملایا۔ بعد ازاں انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ انہیں بھارتی حکومت اور بی سی سی آئی کی ہدایت تھی کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملائیں۔پی سی بی کا موقف ہے کہ یہ عمل کھیل کی روح کے خلاف ہے اور پاکستان ٹیم کی نمائندگی پر اثر ڈال رہا ہے۔