واشنگٹن/بیجنگ: امریکا اور چین کے درمیان مقبول ایپ ٹک ٹاک کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر ٹک ٹاک کا کنٹرول امریکا کو منتقل کر دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق 17 کروڑ امریکی صارفین والی ٹک ٹاک کے سلسلے میں دونوں ممالک نے کئی ماہ کی مذاکراتی کوششوں کے بعد ایک فریم ورک پر اتفاق کر لیا ہے۔ معاہدے کا مقصد امریکی سکیورٹی خدشات کو دور کرنا اور ایپ کی چینی خصوصیات کو برقرار رکھنا بتایا گیا ہے۔امریکی وزیر خزانہ کے مطابق ابتدائی معاہدے کے تحت ٹک ٹاک کا کنٹرول امریکا کو منتقل ہوگا، تاہم ممکنہ خریدار کمپنی کا نام ابھی ظاہر نہیں کیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈیل لیری ایلیسن کی قیادت میں ایک گروپ کے ساتھ متوقع ہے۔ مذاکرات میں شریک حکام نے کہا کہ تکنیکی مسائل کو سیاسی رنگ دینا درست نہیں، مسائل کا حل صرف بات چیت سے ممکن ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیل مکمل ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ “امریکی نوجوان اس نتیجے سے خوش ہوں گے، ایک ایسی کمپنی سے ڈیل طے پا گئی جسے نوجوان بچانا چاہتے تھے۔” انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور چین کے درمیان یورپ میں بڑی تجارتی میٹنگ کامیاب رہی ہے اور وہ جمعہ کو چینی صدر شی جن پنگ سے اس معاملے پر براہِ راست گفتگو کریں گے۔ذرائع کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان تجارتی بات چیت بدھ تک جاری رہے گی جبکہ ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ممکنہ ملاقات نومبر میں جنوبی کوریا میں ہونے والے اے پیک اجلاس کے موقع پر بھی متوقع ہے۔