اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ غزہ سٹی پر شدید فضائی حملوں کے بعد غزہ آگ میں جل رہا ہے اور اسرائیل اپنے مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیرِ دفاع نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مغویوں کی رہائی اور حماس کی شکست تک نہ رُکیں گے اور نہ پیچھے ہٹیں گے، جبکہ اسرائیلی فوج آہنی ہاتھوں سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے میں مصروف ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن ہایو نے اعتراف کیا کہ قطر اور دیگر ممالک نے اسرائیل کو تنہا کردیا ہے، تاہم امریکا اور بہت سے ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔اسرائیلی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم نیتن ہایو نے کہا کہ بڑا چیلنج انتہا پسند مسلم اقلیتوں کا یورپ میں اسرائیل کی پالیسی پر اثر و رسوخ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مغربی یورپ سے اسرائیل کو چیلنج درپیش ہے اور اس ناکہ بندی کو بھی ختم کر دیا جائے گا۔