راشد لطیف کا بڑا انکشاف: بھارت کے خلاف جیت کیلئے پاکستان کو کیا کرنا ہوگا؟

کراچی: پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ وکٹ کیپر راشد لطیف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کے تناظر میں قومی ٹیم کی کمزوریوں کی نشاندہی کر دی
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی، ان کا آمنا سامنا صرف آئی سی سی اور اے سی سی کے ایونٹس میں ہوا ہے۔ اس دوران کھیلے گئے 15 میچوں میں سے 12 میں بھارتی ٹیم کامیاب رہی۔ سابق کپتان نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی سب سے بڑی کمزوری جذبات پر قابو نہ رکھنا، صبر اور حکمت عملی کے بغیر کھیلنا اور مکمل فوکس نہ دکھانا ہے، جس کی وجہ سے اکثر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم اکثر ایک ہی وقت میں سب کچھ کرنے کی کوشش کرتی ہے، اور یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب کھیل بگڑ جاتا ہے، اس کے برعکس بھارتی ٹیم حالات اور پچ کی صورتحال کے مطابق کھیلتی ہے اور کامیابی حاصل کر لیتی ہے۔ راشد لطیف نے کہا کہ گزشتہ 30 سال سے بھارت نے پاکستان پر دباؤ قائم رکھا ہے اور اسی دباؤ سے فائدہ اٹھایا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ عرصے میں بھارت نے کم ٹی20 کرکٹ کھیلی ہے جبکہ پاکستان مشکل کنڈیشنز میں کھیلنے کا تازہ تجربہ رکھتا ہے، جو گرین شرٹس کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 14 ستمبر کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔