گجرات میں ریکارڈ بارشوں کے بعد 20 فیصد شہر زیرِ آب

گجرات: شہر میں ریکارڈ توڑ بارشوں کے بعد ڈپٹی کمشنر گجرات نے بتایا ہے کہ گجرات کا تقریباً 20 فیصد حصہ پانی میں ڈوب چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق، گجرات شہر میں 526 ملی میٹر مسلسل بارش نے شدید تباہی مچائی ہے۔ گلی محلے نہ صرف دریاؤں جیسا منظر پیش کر رہے ہیں بلکہ شہر کے تقریباً تمام علاقوں میں پانی داخل ہو گیا ہے اور لوگ چھتوں اور اوپر کے فلورز پر محصور ہو گئے ہیں۔گجرات میں بارش کے بعد 6 نالے بپھر گئے ہیں، جس میں قمر سیالوی روڈ کا نالہ اوورفلو ہونے سے پانی شہر میں داخل ہوگیا۔ سیلابی پانی گاؤں لوراں مدینہ اور سیداں کچہری چوک میں جمع ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ قمر سیالوی روڈ، محلہ شفیع آباد اور شاہ حسین میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ شہر کو برساتی پانی سے محفوظ بنانے کے لیے کلیے ماجراپلی سے نالہ بھنڈر تک ڈیڑھ کلومیٹر خندق کھودی گئی ہے۔ڈی سی کے مطابق تقریباً 70 فیصد پانی نالہ بھنڈر کی طرف موڑنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، جبکہ مالو کھوکھراں کی طرف بھی شگاف ڈال کر پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔