مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی فلاحی تنظیم ’’گیٹس فاؤنڈیشن‘‘ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے، جو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ گیٹس فاؤنڈیشن کی یہ امداد چاروں صوبوں کے 33 متاثرہ اضلاع کے تقریباً 4 لاکھ 65 ہزار متاثرین کے لیے مخصوص ہے۔ اس امداد کے تحت متاثرہ افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاپنگ لو نے بروقت امداد پر گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ امداد متاثرین کی زندگیاں بچانے میں معاون ثابت ہوگی، اور ڈبلیو ایچ او انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ڈاپنگ لو نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور اس موقع پر کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث مون سون کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے اور قدرتی آفات کی رفتار بھی بڑھ رہی ہے، اس لیے صحت عامہ کے تحفظ کے لیے بہتر تیاری اور بروقت ردعمل ضروری ہے ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق 26 جون سے 27 اگست کے دوران پاکستان بھر میں 802 اموات اور 1,088 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسی عرصے میں 5,584 مویشی ہلاک ہوئے جب کہ 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد متاثرین کو طبی امداد فراہم کی گئی مزید یہ کہ سیلاب سے ملک بھر میں 7,465 مکانات، 658 کلومیٹر سڑکیں، 238 پل، 7 صحت مراکز مکمل طور پر تباہ اور 89 مراکز کو جزوی نقصان پہنچا ہے چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 25 سے 45 دنوں کی ارلی وارننگ جاری کی گئی ہے، جس کے تحت مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیلاب اور طوفانی بارشوں نے سب سے زیادہ تباہی صوبہ خیبر پختونخوا میں مچائی ہے۔