اسلام آباد: وزارتِ ریلوے نے وضاحت کی ہے کہ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے منسوب کراچی تا لاہور بلٹ ٹرین کے اعلان کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔افواہوں کی حقیقت گزشتہ دنوں مختلف ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان ریلویز نے کراچی اور لاہور کے درمیان 2030 تک بلٹ ٹرین منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس منصوبے کے تحت 1,215 کلومیٹر کا سفر صرف پانچ گھنٹوں میں طے کیا جا سکے گا، جبکہ یہ ایم ایل-ون اپ گریڈ پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کی مالیت تقریباً 6.7 ارب ڈالر ہے۔ وزارت ریلوے کی وضاحت تاہم اب وزارتِ ریلوے نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلٹ ٹرین کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق حکومت کی ترجیح فی الحال موجودہ ریلوے سہولیات کی بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ عوام سے اپیل ترجمان نے کہا کہ عوام غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف وزارتِ ریلوے کے سرکاری اعلامیے کو حتمی سمجھیں