پنجاب حکومت کی جانب سے لیپ ٹاپ اسکیم کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان

لاہور: مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے خواہشمند طلبا کے لیے ایک اور سنہری موقع آگیا ہے۔ حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں طلبا کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو ڈیجیٹل لرننگ ٹولز تک زیادہ سے زیادہ رسائی فراہم کرنا ہے۔

میرٹ پر تقسیم اگلے ماہ شروع ہوگی

ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے مطابق لیپ ٹاپس کی تقسیم میرٹ کی بنیاد پر ہوگی اور یہ عمل اگلے ماہ سے شروع کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس کا باضابطہ شیڈول تیار کر لیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب افتتاحی تقریب کے دوران اس اسکیم کا آغاز کریں گے، جو ممکنہ طور پر ستمبر کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔

پہلے مرحلے کی تقسیم

واضح رہے کہ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں صرف لاہور کے طلبا کو 14 ہزار لیپ ٹاپس فراہم کیے گئے تھے۔ اب اس اسکیم کو مزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ پورے صوبے کے مستحق اور باصلاحیت طلبا اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعظم کا ایک لاکھ لیپ ٹاپس کا اعلان یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ ملک بھر کے ہونہار نوجوانوں کو ایک لاکھ مفت لیپ ٹاپس دیے جائیں گے۔ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ یہ لیپ ٹاپس چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلبا میں تقسیم ہوں گے وزیراعظم نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ یہ لیپ ٹاپ اسکیم سود پر مبنی قرضوں کے ذریعے لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے منصوبے سے الگ ہوگی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبا کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جا سکے۔