صدر آصف علی زرداری نے 14 اگست 2025 کو مادرِ وطن کی 78 ویں سالگرہ پر تمام پاکستانیوں کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ان قربانیوں اور اتحاد کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت ہمیں آزادی ملی۔ انہوں نے قائداعظم اور تحریکِ پاکستان کے کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ صدر نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی ایک نئی امید کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے حالیہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں قوم کی فتح کو سنہری باب قرار دیا۔ ان کے مطابق، یہ کامیابی ہمارے غیر متزلزل قومی عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور قوم کے اتحاد کا ثبوت ہے۔بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے دفاعی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کیا اور ان کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ آخر میں، صدر نے قوم سے اپیل کی کہ اختلافات کو بھلا کر ایک ایسے پاکستان کے لیے متحد ہو جائیں جو انصاف، مساوات اور خدمتِ خلق پر قائم ہو۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے 78 سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دی اور تحریکِ آزادی کے قائدین کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان رہنماؤں نے بکھری ہوئی قوم کو ایک فکر اور ایک مشن پر متحد کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ گزرے 78 سالوں میں پاکستان نے کئی سنگ میل عبور کیے ہیں۔ انہوں نے بھی معرکہ حق میں پاکستان کی فتح کو یومِ آزادی کی خوشیاں دوبالا کرنے کا سبب قرار دیا۔ ان کے مطابق، ہماری بہادر مسلح افواج نے بنیان مرصوص بن کر دشمن کے غرور کو پاش پاش کر دیا اور چند گھنٹوں میں ہی انہیں ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا۔ شہباز شریف نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق صرف عسکری فتح نہیں بلکہ دو قومی نظریے کی صداقت کی بھی جیت تھی۔ انہوں نے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اسی جذبے سے آگے بڑھنے کا عزم ظاہر کیا۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خطے میں پرامن بقائے باہمی اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے بھارت کو بھی اسی جذبے کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کی طرف آنے کا مشورہ دیا۔ آخر میں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے پیچھے اصل قوت ہمارا اتحاد ہے اور قومی دفاع کے لیے معاشی طور پر بھی ناقابلِ تسخیر ہونا ضروری ہے۔