پیرس میں پی آئی اے مسافروں کی بے بسی: چار دنوں سے پرواز کی انتظار میں

پیرس کے ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے مسافروں کی مشکلات کا سلسلہ جاری ہے۔ چار دن گزر گئے، لیکن لاہور جانے والی پرواز پی کے 734 ابھی تک روانہ نہیں ہو سکی۔ ان مسافروں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جو بے یقینی کی حالت میں انتظار کر رہے ہیں۔ 8 اگست کو اس پرواز کو شام ساڑھے پانچ بجے روانہ ہونا تھا۔ لیکن پہلے فنی خرابی کا بتایا گیا اور پھر وقت بار بار تبدیل کیا جاتا رہا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی بھی واضح اطلاع نہیں دی جا رہی کہ پرواز کب روانہ ہوگی، جس سے ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ دوسری جانب، پی آئی اے حکام نے اس تاخیر کی وجہ طیارے کے انجن میں خرابی کو قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جلد از جلد اس خرابی کو دور کر کے پرواز بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تمام مسافروں کو ہوٹل میں منتقل کر دیا گیا ہے، لیکن ان کی بے چینی اور انتظار ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔