کوٹلی کی تحصیل کھوئی رٹہ کے علاقے کھوڑ اچھالہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک پالتو کتے نے اپنے ہی گھر کے صحن میں کھیلتی ہوئی ایک تین سالہ بچی پر حملہ کر دیا۔ کتے نے معصوم بچی کے چہرے پر کاٹا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔ بچی کے گھر والوں نے فوری طور پر کتے کے مالک سے رابطہ کیا لیکن اس نے بچی کا علاج کرانے سے صاف انکار کر دیا۔ جس کے بعد، متاثرہ خاندان نے پولیس تھانہ کھوئی رٹہ میں تحریری درخواست دی، اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ لاہور میں بھی ایسا ہی دل دہلا دینے والا واقعہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ ماہ لاہور کے علاقے اچھرہ میں بھی ایک پالتو کتے نے 4 سال کے بچے فواد پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں فواد شدید زخمی ہو گیا تھا اور اسے ہسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔ فواد کے والد نے اچھرا تھانے میں انور نامی شخص کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق، کتے کے مالک نے بچے پر حملہ ہوتے ہوئے دیکھا لیکن خاموش رہا، بعد میں راہگیروں نے بچے کی جان بچائی۔