آن لائن خریداری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس! — ایف بی آر کا نیا حکم نامہ جاری

اگر آپ آن لائن شاپنگ کرتے ہیں تو اب تھوڑا سا مزید محتاط ہو جائیں، کیونکہ ایف بی آر نے ڈیجیٹل آرڈرز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لاگو کر دیا ہے۔

نئے قانون کے تحت آن لائن مارکیٹ پلیس، کوریئر سروسز، اور ادائیگی کے ایجنٹس کو یہ ٹیکس وصول کر کے حکومت کو جمع کرانا ہوگا۔ اب کیش آن ڈیلیوری (Cash on Delivery) پر بھی یہ سیلز ٹیکس لاگو ہوگا۔

ایف بی آر نے 2006 کے سیلز ٹیکس رولز میں ایک نیا باب شامل کیا ہے اور دو نئے فارم متعارف کروائے ہیں:

  • STR-34: آن لائن پلیٹ فارمز کو ہر سپلائر کے آرڈر کی مکمل رپورٹ دینی ہوگی۔
  • STR-36: کوریئرز کو ہر ماہ ایف بی آر کو رپورٹ جمع کروانی ہوگی۔

اس کے علاوہ ہر مہینے کی 10 تاریخ تک STR-35 فارم بھی جمع کرانا لازم ہوگا۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ کوریئرز اور پیمنٹ ایجنٹس کو وینڈر کو ٹیکس کٹوتی کا سرٹیفکیٹ بھی دینا ہوگا جس میں اشیاء، رجسٹریشن نمبر اور کٹے گئے ٹیکس کی مکمل تفصیل شامل ہوگی۔

یہ قدم آن لائن کاروبار کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ایک بڑی کوشش ہے، جس کا مقصد معیشت کو دستاویزی بنانا ہے۔