9 مئی کیسز میں نامزد حماد اظہر کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا، تین بہنوں کا بھائی اور دو کم سن بچوں کا باپ ہوں اور مجھ سے زیادہ تکلیف اور دکھ میرے گھر والوں نے دو سال سے زائد عرصہ برداشت کی۔ حماد اظہر نے کہا کہ ظاہر ہے میں اس دکھ کی گھڑی میں اپنے گھر والوں خصوصی طور پر اپنی والدہ کے ساتھ اب موجود رہنے کی خواہش رکھتا ہوں، میں بے گناہ ہوں، کیسز کے خلاف عدالت سے رجوع کروں گا۔ واضح رہے کہ مارچ 2025 میں جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے واثق قیوم عباسی، راجہ بشارت سمیت دیگر غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔ پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف تھانہ رمنا میں دو مقدمات درج ہیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی تھی جس میں پولیس اور کارکنان کے درمیان جھڑپیں اور جلاؤ گھیراؤ سے صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔