56

ایرانی ایئرلائن کی پرواز 16روز بعد مشہد سے کراچی پہنچ گئی

ایئرپورٹ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران کی سرکاری ایئر لائن کی پہلی پرواز 16 روز بعد مشہد سے کراچی پہنچی ہے، ایرانی ایئرلائن کی پرواز آئی آر 816 نے رات گئے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایران کی سرکاری ایئر لائن کی پرواز آئی آر 817 کراچی ایئر پورٹ سے مشہد کیلئے شیڈول کے مطابق روانہ ہوئی۔ واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے بعد جمعرات کو اپنی فضائی حدود جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ ایکس پوسٹ میں وزارت مواصلات کے ترجمان مجید اخوان کا کہنا تھا کہ ملک کے مشرقی نصف حصے کی فضائی حدود کو ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے اور ایران کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ اور امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جو دارالحکومت سے 40 کلومیٹر واقع ہیں، فی الحال پروازوں کے لیے دستیاب نہیں ہیں، ان کے بارے میں بعد میں احکامات جاری کئے جائیں گے۔ مملکت ایران کی جانب سے یہ اعلان امریکا کی ثالثی میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس جنگ بندی کے ساتھ ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 دن تک جاری رہنے والی کشیدگی کا خاتمہ ہوا، جو 13 جون کو اسرائیلی حملوں کے باعث شروع ہوئی تھی، جن میں ایران کے جوہری اور عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا،جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل پر میزائیلوں کی برسات کردی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں