ملک میں بارشوں کی انٹری، رین ایمرجنسی نافذ

ترجمان واسا کے مطابق عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں موجود ہے، جڑواں شہروں میں 80 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سیدپور میں 52، گولڑہ 25، بوکڑہ 66، پی ایم ڈی 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شمس آباد میں 55، کچہری 41، پیر ودھائی میں 53 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ایم ڈی واسا کے مطابق شہر بھر کے نالوں اور نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، نالہ لئی میں کٹاریاں پر پانی کی سطح 9 فٹ، گوالمنڈی پل پر 5 فٹ ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج حبس کی کیفیت کیساتھ موسم گرم اور مرطوب رہے گا، دن میں سمندری ہوائیں جزوی طور پر بند رہیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، آج سے 2 روز تک درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔ نمی زیادہ ہونے سے دن میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے، جنوب مغرب سے ہوا 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہرِقائد کے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں 27 جون سے بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں نہ صرف 27 جون کو بادلوں کے برسنے کا امکان ہے بلکہ 28 اور 29 جون کو شہر میں بارش کا امکان زیادہ ہے، کراچی میں 27 سے 29 جون کے دوران تیز اور معتدل بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مون سون کا سسٹم 25 جون کو ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہوسکتا ہے، 26 جون سے سسٹم سندھ پر اثرانداز ہونا شروع ہوگا۔