41

’پاکستان کے پاس صرف 12 دن کی پٹرولیم مصنوعات ہیں‘

قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے یہ چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے پاس صرف 12 دن کی ضرورت کے لیے پٹرولیم مصنوعات ہیں۔ عمر ایوب نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا میں تیل کا ذخیرہ 1.2 ارب بیرل ہے۔ تیل پیدا کرنے والے سارے علاقے جنگ کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ دنیا میں کچھ ہوتا ہے تو تیل کا عالمی ذخیرہ بھی 12 دن سے زیادہ کا نہیں ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا یہ بھی کہنا تھا کہ تیل کی قیمت اوپر اور روپیہ نیچے جا رہا ہے، لیکن ہماری حکومت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئی حکمت عملی نظر نہیں آ رہی۔ امریکا میں بزنس کیمونٹی ہے، وہ ترقی پزیر ممالک کو آنے نہیں دینگے۔ پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہا ہے کہ فنانس کے حوالے سے تھوڑا بہت ہم بھی جانتے ہیں۔ بجٹ میں چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ بجٹ نافذ العمل ہونے کے بعد پاکستان میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ واضح رہے کہ ایران اسرائیل جنگ شروع ہونے کے بعد خام تیل کی قیمت عالمی سطح پر بڑھ گئی ہیں اور 10 فیصد تک اضافہ کے بعد قیمت 75 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ پاکستانیوں کو بھی بھگتنا پڑا اور حکومت نے رواں ماہ 15 جون کو اگلے پندرہ روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب ایران اسرائیل جنگ کے بعد پاکستان میں ایل پی جی کے سنگین بحران کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت 500 روپے اور گھریلو سلنڈر 6000 روپے تک پہنچ سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں