تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کرنے کے مقدمے میں گرفتار سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ وکیل سدھیر دھیرج نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں ملزمان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں۔ سرکاری وکیل کا بھی کہنا تھا کہ کہ ہمیں بھی ملزمان کی درخواست ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں۔ یاد رہے واقعے کا مقدمہ تھانہ گذری میں درج کیا گیا تھا، سوشل میڈیا پر موٹر سائیکل سوار سدھیر پر کار سوار کی جانب سے ہمشیرہ کی موجودگی میں تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ جس میں ملزم نے گالیاں اوردھمکیاں دیں اور نوجوان کی بہن ہاتھ جوڑتی رہی لیکن ملزم کے کان پرجوں تک نہ رینگی، خواتین کو بھی دھکے دیے ساتھ ہی جان سے مارنےکی دھمکیاں دیں، تشدد اور ہجوم میں بےعزت کیا۔ بعد ازاں ڈیفنس تشدد کیس میں متاثرہ نوجوان نے سلمان فاروقی کو عدالت میں معاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے پوچھا تھا کہ تمہیں کسی قسم کا دباوٴ کا سامنا تو نہیں تو متاثر نوجوان نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں کوئی کیس نہیں کرنا چاہتا، ملزم کو معاف کردیا ہے۔
