تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی، یو ٹیوبر عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے پولیس کو 21 جون تک رجب بٹ کی گرفتاری سے روک دیا اور یوٹیوبر کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کردی۔ یو ٹیوبر کیخلاف تھانہ نشتر کالونی پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے ، ان کیخلاف پیکا قوانین اور 295 سی کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ایف آئی آر میں جذبات مجروح کرنے کی دفعات شامل ہیں جبکہ نیا پرفیوم متعارف کرانے کا بھی ذکر کیا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی یوٹیوبر اپنے متنازع بیانات اور سوشل میڈیا مواد کی وجہ سے خبروں کا حصہ رہے ہیں اور ان کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج کیے جاچکے ہیں۔ گزشتہ سال دسمبر میں لاہور پولیس نے لائسنس کے بغیر شیر کا بچہ اور اسلحہ رکھنے پر یو ٹیوبر کو گرفتار کیا تھا جسے بعد ازاں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔ محکمہ وائلڈ لائف کے ہمراہ پولیس نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا، ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ یو ٹیوبر سے غیر قانونی کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی تھی۔
