39

وزیراعظم ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارت پہنچ گئے

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وزیراعظم کے ہمراہ ہیں جبکہ وفاقی وزرا محسن نقوی، عطاتارڑ ،معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وفد میں شامل ہیں۔ ابو ظہبی کے ہوائی اڈے پر یواے ای قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زایدالنہیان نے ان کا استقبال کیا ، جس کے بعد یواےای قومی سلامتی کے مشیر وزیراعظم کے ہمراہ گاڑی میں صدارتی محل روانہ ہوئے۔ ہوائی اڈے پر پاکستان کے سفیر فيصل نيازترمذی ،سفارتی عملہ بھی استقبال کیلئے موجود تھا۔ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف متحدہ امارات کا سرکاری دورہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم وفد کے ہمراہ یواے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کریں گے۔ یواےای صدر شیخ محمد بن زایدالنہیان سے ملاقات میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور کثیر جہتی تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں