وفاقی بجٹ غریب عوام کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہے: بیرسٹر ڈاکٹر سیف

خیبرپختونخوا کے اطلاعات کے مشیر بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی بجٹ 2025-26 کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غریب عوام کے لیے ایک ڈراؤنا خواب قرار دیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی موجودہ شرح کے مقابلے میں تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے، جو عوام کے ساتھ ایک مذاق ہے۔ بجٹ میں پیٹرول اور بجلی پر ٹیکسوں میں اضافے کے باعث مہنگائی کی نئی لہر آئے گی، جس سے پہلے سے پریشان عوام کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہر چیز کو مہنگا کر دیتا ہے، جبکہ توانائی کے متبادل ذرائع جیسے سولر پینلز پر بھی ٹیکس لگا کر حکومت نے غریب عوام سے ان کا آخری سہارا بھی چھین لیا ہے۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ مہنگی ترین بجلی، طویل لوڈشیڈنگ اور اب سولر پینلز پر ٹیکس کے بعد عوام کے لیے جینے کا کوئی راستہ باقی نہیں بچا۔ جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم 47 کی طرح جعلی ریلیف دیا ہے۔ انہوں نے وفاقی بجٹ کو شریف خاندان کے “بزنس ونگ” کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہتر ہوتا اگر یہ بجٹ جاتی عمرہ یا لندن کے مے فیئر اپارٹمنٹس میں پیش کیا جاتا۔