تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال میں دفاع کیلئے 2550ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے مالی سال کیلئے دفاعی بجٹ میں اضافے کا تخمینہ 20 فیصد تک ہوسکتا ہے، بجٹ سے تینوں مسلح افواج اور انٹرسروسز اداروں کیلئے متناسب حصہ رکھا جائے گا۔ رواں مالی سال کیلئے دفاعی بجٹ کی مد میں 2122ارب روپے مختص کیے گئے تھے اور بجٹ مجموعی طور پر جی ڈی پی کا 1.71 فیصد ہے۔ رواں مالی سال کیلئے دفاعی بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد اضافہ کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ مالی سال کیلئے دفاعی بجٹ کی مد میں 1854ارب روپے خرچ کئے گئے تھے۔ دریں اثنا، وفاقی حکومت نے بجٹ 2025-26 میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے، جبکہ پنشن میں 7.5 فیصد سے 10 فیصد کے درمیان اضافے کا امکان ہے۔ تاہم، تنخواہ دار افراد کے لیے اہم ٹیکس ریلیف کے امکانات معدوم نظر آتے ہیں، کیونکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے مبینہ طور پر 1.2 ملین روپے کی موجودہ سالانہ ٹیکس فری آمدنی کی حد کو برقرار رکھنے پر اعتراض کیا ہے۔
