تفصیلات کے مطابق ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کے کیس میں ملزم سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی نے ضمانت کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے درخواست دائر کردی۔ ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس ارشدحسین کی سربراہی میں سنگل بینچ کرے گا ، ملزمان کیخلاف عینی شاہد کی مدعیت میں گزری تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ یاد رہے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج جنوبی نے 5 جون کو ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان پر نوجوان سدھیر کو تشدد، دھمکیاں دینے اور خاتون کی تذلیل کا الزام ہے۔ اس سے قبل عدالت میں متاثرہ نوجوان سدھیر نے سلمان فاروقی کو عدالت میں معاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے پوچھا کہ تمہیں کسی قسم کا دباوٴ کا سامنا تو نہیں تو متاثر نوجوان نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں کوئی کیس نہیں کرنا چاہتا میں نے ملزم کو معاف کر دیا ہے۔ واضح رہے ڈیفنس میں موٹرسائیکل کی معمولی ٹکر پر آپے سے باہر ہو کر ملزم سلمان فاروقی نے نوجوان پر گارڈز کے ساتھ مل کر تشدد کیا تھا۔ ملزم نے گالیاں اور دھمکیاں دیں جبکہ نوجوان کی بہن ہاتھ جوڑتی رہی لیکن ملزم کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ ملزم نے خواتین کو بھی دھکے دیے ساتھ ہی جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، تشدد اور ہجوم میں بے عزت کیا۔
