تفتیشی حکام نے باقاعدہ طور پر تحقیقات کا اغاز کر دیا ہے کہ فرار ہونے والے 105 قیدی تو واپس ملیر جیل پہنچا دیے گئے ہیں، تاہم سیکیورٹی سے چھینی گئی 2 ایس ایم جی تاحال مسنگ ہیں۔ یہ بھی پتا نہیں چل سکا ہے کہ کون سے قیدیوں نے اسلحہ چھینا تھا اور وہ کس جانب فرار ہوئے تھے، کئی قیدیوں کو ان کے اہل خانہ نے خود دوبارہ جیل پہنچایا، اس سلسلے میں تفتیشی ٹیم نے ملیر جیل سے شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔ جیل حکام اور عملے کے علاوہ واپس آنے والے قیدیوں سمیت جیل میں پہلے سے موجود قیدیوں سے بھی جیل بریک اور اسلحہ چھیننے سے متعلق پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ تفتیشی ٹیم بیرکس، جیل دفاتر اور دیگر علاقوں میں پہنچی اور کئی شواہد اکٹھے کیے، تصاویر بنائیں، پولیس حکام کے مطابق جیل کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے نہ ہونے کی وجہ سے تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہے۔