آئندہ مالی سال کے لیے 1000 ارب روپے کا وفاقی ترقیاتی بجٹ منظور

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں وفاق کے نمائندوں سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔ اس موقع پر قومی اقتصادی کونسل نے اگلے مالی سال کے لیے ایک ہزار ارب روپے کے وفاقی بجٹ کی منظوری دی جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے 4.2 فیصد جی ڈی پی گروتھ بھی منظور کی گئی۔ ذرائع پلاننگ کمیشن کے مطابق بلوچستان میں این 25 کے لیے بجٹ میں کٹوتی کی گئی اور اس منصوبے کے لیے مجوزہ 120 ارب کے بجائے 100 ارب کا پیکج منظور کیا گیا۔ این ای سی نے اگلے مالی سال کے لیے برآمدات کا ہدف 35 ارب ڈالر مقرر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں قومی ترقیاتی پلان، پی ایس ڈی پی، میکرو اکنامک اہداف کا جائزہ لیا گیا اور زراعت، صنعت، سروسز سیکٹر کے اہداف کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے قل وزیراعظم شہباز شریف نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے فرداً فرداً ملاقات کی۔