سعودی عرب نے پاکستانیوں کے ویزے کم کردیے

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت کمیٹی کےچیئرمین سینیٹرذیشان خانزادہ نے کی۔ اوورسیزپاکستانی حکام نے بتایا کہ سعودی عرب نےپاکستانیوں کےویزےکم کردیےہیں کیونکہ بہت سےپاکستانی بھیک مانگتے پکڑے گئے ہیں، اس لئے ویزے کے حصول کیلئے کوائف سخت کردیے گئے ہیں۔ ممبر کمیٹی نے کہا یہ پاکستان کی بدنامی ہے، ایسے مسائل کو کیسے روکیں گے، جس پر حکام کا کہنا تھا کہ افسران کو شوکازکر دیا ہے، تو ممبرکمیٹی نے کہا کہ ایسے افسران کو شوکاز نہیں نوکری سے برخاست کردیں۔ حکام اوورسیز پاکستانی کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگ عمرے کی ادائیگی کے لیے جاتے ہیں اور پھر ویزے کی میعاد ختم ہونے بعد واپس نہیں اتے، حکام اوورسیز پاکستانی ایف آئی اے نے کہا کہ 2023 سے ڈی پورٹ ہونے والوں کی تعداد 52 ہزارہے اور دو سالوں میں 5 ہزار بھکاری الگ سے پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے ہیں۔