محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے تاہم نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے گرمی کی شدت 40 ڈگری تک محسوس کی جائے گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں بھی سمندری ہوائیں بحال رہیں گی جبکہ جنوب مغربی سمت سے 18سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی گرم جبکہ سندھ اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں ماہ جون بھی شدید گرم رہے گا اور جون کے مہینے میں بھی بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔