پاکستان کا بھارت میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار

تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کو بھارت میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات پر شدید تشویش ہے،بھارت میں مسلمانوں کو نفرت انگیز تقاریر، امتیازی اقدامات کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ریاستی سرپرستی میں مسلمانوں کو نشانہ بنانا عالمی برادری کے لیے باعث تشویش ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہندوستانی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے تمام شہریوں کے حقوق اور تحفظ کو برقرار رکھے، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے ہو۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت میں موجودہ حالات میں برداشت اور مفاہمت کی اشد ضرورت ہے، مذہبی نفرت انگیزی کا فروغ بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، مذہبی منافرت پھیلانا علاقائی استحکام اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتا ہے۔