تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے ایف بی آر کے لیے ٹیکس ہدف میں کمی کی تجویز دی ، ایف بی آر کی آئندہ بجٹ میں ٹیکس ہدف میں 250 ارب روپے کی کمی پر آئی ایم ایف کو منانے کی کوششیں جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں ایف بی آر نے ٹیکس ہدف 14307 ارب سے کم کرکے 14057 ارب روپے کرنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس ہدف میں 250 ارب روپے کی کمی کی وجہ سے نئے ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور ٹیکس ہدف اگر زیادہ رکھا جائے گا تو شارٹ فال کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ ایف بی آر نے آئی ایم ایف کو بریفنگ میں کہا رواں مالی سال معاشی ترقی کی شرح اور مہنگائی کے بڑھنے کی شرح کم ہونے کی وجہ سے 1170 ارب روپے کا شارٹ فال ہوسکتا ہے، آئندہ مالی سال ٹیکس ہدف میں 2000 ارب روپے سے زیادہ اضافہ نہ کیا جائے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے درخواست میں کہا کہ آئندہ مالی سال ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے لیے 5 سال تک کی پرانی گاڑی امپورٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے، استعمال شدہ 5 سال پرانی گاڑی کی امپورٹ پر زیادہ ٹیکس لگانے سے زیادہ کسٹم ڈیوٹی ملے گی۔