شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اور ہیریٹیجز، جامشورو نے پاکستانی افواج کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے یومِ تشکر منایا۔ اس تقریب میں وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو کی قیادت میں ایک پرجوش ریلی نکالی گئی، جس میں طلباء، اساتذہ اور عملے کے ارکان نے پرجوش شرکت کی۔ تقريب کا آغاز قومی پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا، جس کے بعد وائس چانسلر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے ملکی خودمختاری کے تحفظ اور امن کو برقرار رکھنے میں پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کی قربانیوں اور لگن کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے بھارتی افواج کی جارحیت کے خلاف پاکستان کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ وائس چانسلر نے مزيد کها که آج، ہم صرف جشن منانے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں جو ہماری سرحدوں اور ہماری آزادی کا دفاع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تشکر ایک یاد دہانی ہے کہ آج ہم جس تحفظ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں وہ ہماری مسلح افواج کی کوششوں اور قربانیوں پر قائم ہے۔ خطاب کے بعد یونیورسٹی کے احاطے میں ایک ریلی نکالی گئی جو ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ’’پاک آرمی زندہ باد‘‘ ’’پاک بحریہ زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فضائیہ زندہ باد‘‘ کے پرجوش نعروں سے گونجتی رہی۔ شرکاء نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مسلح افواج بالخصوص چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے لیے حمایت کا اظہار کیا گیا تھا۔