بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا، خیبر پختونخوا پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے بھارت کی ’اے‘ اور ’بی‘ ٹیموں کے خلاف متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کی پشت پناہی میں ملوث ہے، امن دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھارت کے خلاف جنگ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی عسکری اور قائدانہ صلاحیتوں کی کھل کر تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے جنگ میں بہترین پرفارم کیا۔ بیرسٹر گوہر نے واضح طور پر کہا کہ آج کے دن کوئی اگر مگر نہیں تمام فورسز نے بہترین کام کیا، فورسز نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ بھارت سے سیزفائر ہوگیا اب آپس میں بھی سیز فائر ہو جانا چاہیے ہمیں تمام مسائل مل کر مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر 1971 کے بعد جنگ مسلط کی گئی، الحمداللہ پاکستان نے انڈیا کو 6 صفر سے شکست دی پوری قوم متحد رہی ہم نے اس دن کو تشکر کے طور پر منایا ہے۔
