ذرائع کے مطابق بھارتی میزائل حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود میں موجود پروازوں کا رخ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ بھارتی حملے کے بعد کراچی کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے کھلی ہیں۔ جدہ سے اسلام آباد جانے والی سعودی ایئرلائن کی پرواز، جدہ سے لاہور جانے والی سعودی عرب کی پرواز اور ابوظہبی سے نئی دہلی جانے والی اتحاد ایئرویز کی پرواز (جو پاکستانی فضائی حدود میں موجود تھی)، ان سب کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق موجودہ ملکی سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر اور حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو اگلے احکامات تک تمام فلائٹ آپریشنز کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کے ذرائع کے مطابق پاکستان کے کئی ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔ اگلے حکم تک لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل رہے گا۔ دوسری جانب قومی ایئرلائن (PIA) کی آج کی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ نجی فضائی کمپنیوں نے بھی آج کراچی سے آپریٹ کی جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں