پہلگام فالس فلیگ حملہ، چینی وزیر خارجہ کا پاکستان کی حمایت کا اعلان

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی کو پہلگام واقعے اور خطے کی موجودہ صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی اقدامات اور اس کا پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں، وانگ ژی نے کہا کہ چین پہلگام حملے کی جلد شفاف و منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے دونوں ممالک پر بات چیت سے معاملات حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کامقابلہ کرنا تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، وانگ ژی نے پاکستان کے سیکیورٹی خدشات سے متعلق چین کی حمایت کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں کی بات چیت کے موقع پر چینی وزیرخارجہ نے خود مختاری، سلامتی کے مفادات کے تحفظ کیلئےاسلام آباد کی حمایت کا اعادہ کیا، اسحاق ڈار نے پاکستان کیلئے چین کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ علاوہ ازیں لاہور میں اولڈ راویان ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے خارجہ محاذ پر مؤثر حکمت عملی اپنائی ہے اور بھارت کے اقدامات کا بھرپور اور مناسب جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کے اعلان کو غیر ذمہ دارانہ عمل قرار دیا ہے۔ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر اس معاہدے کو معطل یا تبدیل نہیں کرسکتا، اس کے لیے فریقین کی باہمی رضامندی ضروری ہے۔