8

اہلِ غزہ سے اظہار یکجہتی کیلیے پاکستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ، کاروبار مکمل بند

 اہلِ غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان بھر میں آج شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے اور اس دوران ہر طرح کا کاروبار مکمل بند ہے۔ فلسطینی عوام پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف آج پاکستان کے طول و عرض میں پُرزور پیغام دیا گیا، جس میں کراچی سے لے کر پشاور تک تجارتی مراکز بند، سڑکوں  پر ٹریفک معمول سے بہت کم اور کاروبار زندگی تھما ہوا نظر آ رہا ہے۔ جماعت اسلامی اور مختلف تاجر تنظیموں کی اپیل پر ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں۔ شہر قائد کے اہم علاقوں میں مرکزی اور چھوٹی تمام مارکیٹیں بند ہیں جب کہ کچھ مقامات پر احتجاج کے دوران مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگائے۔ علاوہ ازیں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں احتجاج یا ریلیوں  کے مقامات پر ٹریفک پولیس کی جانب سے صورتحال کو سنبھالنے کے لیے متبادل راستے دیے گئے ہیں۔ اُدھر پشاور کے تاریخی بازاروں قصہ خوانی، چوک یادگار اور اشرف روڈ میں بازار مکمل بند ہیں جب کہ بڑی مارکیٹیں اور مالز بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شٹر ڈاؤن ہیں۔ علاوہ ازیں مری کے پہاڑی علاقوں میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ مال روڈ، کینٹ مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں مکمل سناٹا چھایا رہا۔ راولپنڈی کے راجا بازار، مری روڈ اور صدر کے علاقے بھی ہڑتال کے باعث سنسان نظر آ رہے ہیں۔ مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈاکٹروں اور فارماسیوٹیکل کے حلقے بھی پیچھے نہیں۔ ڈرگسٹ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال میں شمولیت اختیار کی اور کئی میڈیکل اسٹورز احتجاجاً بند رہے۔ بلوچستان کے مختلف شہروں کوئٹہ، مستونگ، خضدار، قلات اور پشین میں بھی کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں بھی چھوڑے بڑے شہروں میں عوام نے یکجہتی کا اظہار کر کے دنیا کو فلسطینیوں کے ساتھ اپنی وابستگی کا پیغام دیا۔ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اسرائیلی ظلم اور امریکی حمایت کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہڑتال دراصل فلسطینیوں کے ساتھ اظہار محبت اور مظلوموں کے لیے آواز اٹھانے کی ایک کوشش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں