احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں جج طاہر عباس سپرانے کی جس میں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کی جانب سے دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی گئی۔ دورانِ سماعت عامر محمود کیانی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔ جج طاہر عباس سپرانے نے استفسار کیا کہ دو دفعہ اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع ہونے پر آپ پیش ہوگئے؟ آج میں آپ کو حوالات بھیجوں گا اس کے علاوہ کوئی حل نہیں۔ عامر محمود کیانی کی ایک لاکھ مچلکے کے عوض عبوری ضمانت منظور کر لی گئی جبکہ سابق ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی گئی۔ جج نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت میں ملزمان میں سے جو نہیں ہوگا اس کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 23 اپریل 2025 تک ملتوی کر دی۔ ملزمان کی جانب سے وکیل سردار مصروف خان اور زاہد بشیر ڈار پیش ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید خان، واثق قیوم و دیگر مقدمے میں نامزد ہیں، ان کے خلاف تھانہ آئی 9 میں مقدمہ درج ہے۔