نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق، سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں 735 روپے 59 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی ہے، جبکہ سوئی سدرن نے پچھلے شارٹ فال سمیت 2443 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست جمع کرائی ہے۔ اس کے علاوہ گیس کمپنیوں نے مالی سال 2025-26 کے لیے اپنی مالی ضروریات کی درخواستیں بھی جمع کرائی ہیں۔ سوئی ناردرن نے 700 ارب 97 کروڑ روپے کی مالی ضروریات کی فراہمی اور 207 ارب 43 کروڑ 50 لاکھ روپے کے شارٹ فال کی وصولی کی درخواست کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، گیس کی اوسط قیمت 2485 روپے 72 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی بھی درخواست دی گئی ہے۔ سوئی سدرن نے 883 ارب 54 کروڑ 40 لاکھ روپے کی مالی ضروریات اور 44 ارب 33 کروڑ 20 لاکھ روپے کے شارٹ فال کی وصولی کی درخواست کی ہے، اور گیس کی اوسط قیمت 4137 روپے 49 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ حکام کے مطابق: سوئی سدرن کی درخواست پر سماعتیں 21 اور 23 اپریل کو کراچی اور کوئٹہ میں ہوں گی۔ سوئی ناردرن کی درخواست پر سماعتیں 18 اور 28 اپریل کو لاہور اور پشاور میں ہوں گی۔