چوھڑجمالی: دو موٹرسائیکلوں کے آمنے سامنے تصادم میں 2 نوجوان جاں بحق، 2 زخمی

چوھڑجمالی کے قریب قادر دنو شاہ روڈ پر دو موٹرسائیکلوں کے درمیان آمنے سامنے تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں چار افراد شوکت اوٺو، اکبر اوٺو، زبیر بارڑ اور غلام فرید بارڑ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر چوھڑجمالی منتقل کیا گیا۔ حادثے کے دوران 20 سالہ نوجوان اکبر ولد جمن اوٺو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چوھڑجمالی اسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ باقی تین زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ٹھٹھہ اسپتال ریفر کیا گیا، جہاں 22 سالہ زبیر ولد سومار بارڑ بھی جانبر نہ ہو سکا اور چل بسا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں جاں بحق نوجوان، اکبر اوٺو اور زبیر بارڑ، قادر دنو شاہ کے رہائشی تھے۔ ان کی لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ جاں بحق نوجوان اکبر اوٺو کی تدفین اس کے آبائی گاؤں مولوی محمد شریف اوٺو میں جبکہ زبیر بارڑ کی تدفین اس کے گاؤں عالی بارڑ میں کی گئی۔