ٹھکراٹھو کی یوسی روپھر ترقی سے محروم — بنیادی سہولیات کی کمی کے خلاف رہائشیوں کا احتجاج، پیپلز پارٹی قیادت سے نوٹس لینے کا مطالبہ

تعلقہ پنو عاقل کے شہر ٹھکراٹھو کی یونین کونسل روپھر جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ علاقے میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ تعلیم، صحت، واٹر سپلائی، سوئی گیس، ٹف ٹائلز اور نکاسی آب سمیت دیگر سہولیات کا فقدان ہے۔ علاقہ مکینوں نے پیپلز پارٹی قیادت سے اپیل کی ہے کہ یوسی روپھر کو مسلسل نظر انداز کرنے کا نوٹس لیا جائے اور جلد از جلد ترقیاتی کام شروع کیے جائیں۔ یوسی روپھر کے رہائشی فقیر محمد مہر، نظام الدین قاضی، مہتاب علی مہر، دلدار منگی اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنو عاقل شہر کی دو بڑی یونین کونسلز میں سے ایک روپھر ہے، جبکہ دوسری یوسی مبارکپور میں پیپلز پارٹی کے نمائندوں نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں۔ لیکن افسوس کہ روپھر یوسی آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نہ صرف سڑکیں تباہ حال ہیں بلکہ ہائر سیکنڈری اسکول بھی موجود نہیں، صرف ایک مڈل اسکول ہے۔ صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو سکھر، پنو عاقل، خانپور مہر، روہڑی اور گھوٹکی جیسے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی اسکیم، سوئی گیس، ٹف ٹائلز، نالوں کی تعمیر جیسی سہولیات اب تک فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث لوگ کھارا پانی استعمال کرنے، لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے اور نکاسی آب کے مسائل میں روزانہ کی بنیاد پر پریشان ہیں۔ مظاہرین نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، اور مقامی نمائندوں سید خورشید شاہ و جام اکرام اللہ دھاریجو سے مطالبہ کیا ہے کہ یوسی روپھر کے دیرینہ مسائل کا فوری نوٹس لے کر ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔