تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے نہروں کا معاملہ صدر مملکت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، صدر مملکت عید کے بعد وفاق سے نہروں کا معاملہ اٹھائیں گے، وزیر اعظم سے بات کریں گے اور سی ای سی بلانے کا مطالبہ کریں گے۔ پی پی ذرائع کے مطابق پی پی کو کینالز کے معاملے پر سندھ میں شدید عوامی ردعمل کا سامنا ہے، اور وہ سندھی قوم پرست جماعتوں کی عوامی رابطہ مہم سے پریشان ہے، کیوں کہ دریائے سندھ پر نہروں کے معاملے پر اندرون سندھ کے ووٹرز اور شہری بدظن ہو رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے احتجاج کے باوجود تاحال پی پی سے رابطہ نہیں کیا، وفاقی حکومت کے لفٹ نہ کرانے پر پیپلز پارٹی کو شدید تشویش ہے، اور وفاقی حکومت سے حسب توقع ردعمل نہ ملنے پر مایوس ہے۔ پیپلز پارٹی کے سی ای سی بلانے کے مطالبے پر پیش رفت نہیں ہوئی، حکومت نے سی ای سی بلانے کا مطالبہ سنجیدگی سے نہیں لیا، جب کہ پی پی نے نہروں کے معاملے پر سی ای سی بلانے کا مطالبہ کر رکھا ہے، اس لیے اب پیپلز پارٹی عید کے بعد پارلیمان میں نہروں کا معاملہ اٹھائے گی۔