تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے بعض ماہرین کا بیان غیرمصدقہ میڈیا رپورٹس پر مبنی ہے، عوامی بیانات کو معروضیت، حقائق اور مکمل سیاق و سباق کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دہشت گرد حملوں میں شہری ہلاکتوں کو نظرانداز کرنا افسوسناک ہے، بدامنی پھیلانے والے محض مظاہرین نہیں بلکہ قانون شکن عناصر ہیں۔ دہشت گردوں کے سہولت کار انسانی حقوق کی آڑ میں قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، جعفر ایکسپریس آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں زبردستی چھینی گئیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کہ ریاست کی رِٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا غلط استعمال کسی کو قانون شکنی کا جواز فراہم نہیں کرسکتا، پاکستان بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے اصولوں کی پاسداری کرتا ہے