بڑا ریلیف: 1400 روپے کلو میں ملنے والا بچھیا کا گوشت 700 روپے میں ملنے لگا

تفصیلات کے مطابق مہنگائی سے ستائے شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی عامر صدیقی کا اہم اقدام سامنے آیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے سحری کے لیے شہریوں کو آدھی قیمتوں ہر معیاری گوشت فراہم کیا گیا۔ رکن سندھ اسمبلی نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 102 کے رہائشیوں کو ریلیف دینے کے لیے اقدام اٹھایا ہے ، بچھیا کا گوشت 700 روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ مارکیٹ میں یہ گوشت 1400 سے 1500 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ رات کے اس پہر بھی بڑی تعداد میں شہری یہاں موجود ہیں ، سماجی تنظیم کے تعاون سے ایم کیو ایم نے شہریوں کو ریلیف دینے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ خیال رہے ماہ رمضان کا آخرے عشرہ شروع ہوگیا لیکن مہنگائی کا جن قابو میں نہ آسکا، مہنگائی سے پریشان عوام بڑھتی قیمتوں پردہائی دیتے نظر آرہے ہیں۔ عوام نے حکومت سے اپیل کی کہ مہنگائی کو کنٹرول کرے، رمضان المبارک میں ریلیف فراہم کرے۔