آغوش پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 13 اضلاع میں نومولود بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کو امداد ی رقم ملے گی، جس کا آغاز ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ اور کوٹ ادو سے ہو گیا ہے، جب کہ بہاولپور، رحیم یارخان، بہاؤلنگر، بھکر، میانوالی، خوشاب اور لودھراں بھی آغوش پروگرام میں شامل ہیں۔ پروگرام کے تحت حاملہ خاتون کو پہلی دفعہ مراکز صحت/ مریم ہیلتھ کلینک میں رجسٹریشن پر 2 ہزار روپے دیے جائیں گے، اور پھر بچے کی پیدائش تک متواتر طبی معائنے کے لیے وزٹ پر امدادی رقم دی جائے گی۔ مراکز صحت سے مفت طبی معائنے کے بعد ”آغوش“ پروگرام کے کیش ایجنٹ سے امدادی رقم حاصل کی جا سکے گی، حاملہ خواتین کو ہر بارمراکز صحت وزٹ پر 1500 روپے ملیں گے، ٹوٹل رقم 6 ہزار روپے دی جائے گی، مرکز صحت پر بچے کی پیدائش پر 4 ہزار روپے کا تحفہ ملے گا۔ پیدائش کے بعد 15 دن کے اندر پہلے طبی معائنے پر پھر 2 ہزار روپے ملیں گے، اور پھر پیدائشی سرٹیفکیٹ کا مرکز صحت میں اندارج کروانے پر 5 ہزار روپے دیے جائیں گے، اس کے بعد نومولود بچے کو حفاظتی ٹیکے لگوانے پر 4 ہزار روپے یعنی ہر بار 2 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر خواتین کی رہنمائی اور معلومات کے لیے خصوصی ٹال فری نمبر بھی قائم کیا گیا ہے، مریم نواز کا کہنا ہے کہ سرکاری وسائل پر پس ماندہ اور دور دراز علاقوں کے عوام کا پورا پورا حق ہے، جس کے لیے حکومت اپنا فرض ادا کرے گی۔
