تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مغل پورہ میں کار سوار شہری کو نجی سیکیورٹی گارڈز نے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا تھا، واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کانوٹس لےکر خصوصی ٹیم تشکیل دی تھیں تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جاسکے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائےگا، گارڈ فراہم کرنیوالی نجی سیکیورٹی کمپنی کیخلاف بھی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ فیصل کامران نے کہا کہ ملزمان نے شہری عمران پر تشدد کیا، سرعام فائرنگ سے خوف و ہراس پھیلایا، قانون سے بالاتر کوئی نہیں، قانون ہاتھ میں لینے والا جیل جائےگا۔ خیال رہے کہ لاہور میں واقع بیجنگ انڈر پاس میں ویگو ڈالے پر سوار گارڈز نے شہری پر گولیاں چلائی تھیں، گارڈز کار سوار پر تشدد بھی کرتے رہے، متاثرہ شہری نے فائرنگ کرنے والے گارڈ کو پکڑنے کی کوشش کی۔ ترجمان ڈولفن فورس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی آواز سن کر ڈولفن ٹیم نمبر 17 موقع پر پہنچی، ملزمان رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
